ناروے میں آمد – کوارنٹین اور ٹیسٹنگ کے اصول

اب صرف نارویجن شہریوں اور ناروے میں مستقل رہائش رکھنے والے غیر ملکیوں کو ناروے میں داخل ہونے کی اجازت مل رہی ہے۔ تمام غیر ملکیوں کو مزید غور کے بغیر واپس بھیج دیا جاتا ہے، سوائے ان کے جو نیچے درج کسی استثنا کے تحت آتے ہوں۔

نارویجن حکام ناروے میں رہنے والے سب لوگوں کو بیرون ملک سفر سے گریز کا مشورہ دیتے ہیں ۔

آپ جو ناروے آ سکتے ہیں، ان اصولوں پر عمل کرنے کے پابند ہیں:

  • آپ کو اپنے سفر سے پہلے سفری رجسٹریشن فارم مکمل کرنا ہو گا
  • آپ کے پاس منفی کرونا وائرس ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے جو آمد سے پہلے کے 24 گھنٹوں میں کیا گيا ہو
  • آپ کو ناروے میں آمد پر اپنا ٹیسٹ کروانا ہو گا
  • آپ کو ناروے میں 10 دن اور راتوں کا عرصہ کوارنٹین میں گزارنا ہو گا

COVID-19 کے اصولوں کی خلاف ورزی قابل سزا جرم ہے۔

اب کن لوگوں کو ناروے میں داخل ہونے کی اجازت ہے؟

اس معاملے میں سخت پابندیاں ہیں کہ اب کون لوگ ناروے میں داخل ہو سکتے ہیں۔یہ پابندیاں تمام ممالک کے شہریوں کے لیے واجب ہیں، یورپیئن یونین/یورپیئن اکنامک ایریا اور نارڈک ممالک کے شہریوں سمیت۔ ان میں یہ لوگ شامل ہیں:

  1. سیّاح
  2. وہ رشتہ دار جن کا ذکر اس استثنا میں نہیں ہے: قریبی افرادˏ خاندان
  3. بوائے فرینڈ، گرل فرینڈ یا منگیتر
  4. یورپیئن یونین/یورپیئن اکنامک ایریا کے شہری (نارڈک ممالک کے شہریوں سمیت) جنہیں ناروے میں کام کرنا ہو یا تعلیم حاصل کرنی ہو اور جو نیچے درج استثناؤں میں سے کسی کے تحت نہیں آتے
  5. کاروبار کے لیے سفر کرنے والے
  6. وہ غیرملکی جنہیں شینگن ویزا ملا ہے لیکن جو نیچے درج استثناؤں میں سے کسی کے تحت نہیں آتے
  7. ناروے میں تفریحی رہائشگاہ کے مالک افراد جو یہاں کے رہائشی نہیں ہیں۔

کچھ گروہوں کے لیے استثنا دیا جا رہا ہے جن میں سب سے عام یہ ہیں:

1. وہ غیر ملکی جو ناروے کے مستقل رہائشی ہیں خواہ وہ رہائشگاہ کے مالک ہوں یا کرایہ دار ہوں
2. وہ لوگ جنہیں خاص وجہ سے ملک میں آنا ہو جیسے ناروے میں رہنے والوں کی نگہداشت کی خاص ذمہ داری یا ان سے اپنی نگہداشت کروانے کی خاص ضرورت، یا جن کی دیگر نہایت اہم فلاحی ضروریات ہوں جیسے قریب المرگ یا شدید بیمار قریبی فرد خاندان سے ملنا ہو۔
3. وہ غیر ملکی جنہیں اپنے بچوں کے ساتھ طے شدہ یا قانوناً مقرّر ملاقات انجام دینی ہو۔
4. قریبی افرادˏ خاندان: شوہر/بیوی/رجسٹرڈ پارٹنر/بغیر شادی کیے ساتھ رہنے والا، نابالغ بچے یا سوتیلے بچے، نابالغ بچوں یا سوتیلے بچوں کے والدین یا سوتیلے والدین۔
5. صحافی اور وہ دیگر عملہ جو غیر ملکی میڈیا کے ادارے کا کام کرنے آ رہے ہوں۔
6. وہ غیر ملکی جو ناروے میں ایئرپورٹ پر ٹرانزٹ لینڈنگ کریں گے (انٹرنیشنل ایئرپورٹ ٹرانزٹ میں بھی اور شینگن کے اندر بھی)۔
7. بحری جہازوں کا عملہ اور فضائی سفر کا عملہ۔
8. سامان اور افراد کی ٹرانسپورٹ کا کام انجام دینے والے غیر ملکی۔
9. اپنی ملازمت میں انتہائی اہم معاشرتی فرائض انجام دینے والے غیر ملکی۔ آجر کی طرف سے ثبوت مہیا کرنا لازمی ہے۔
10. سویڈن اور فن لینڈ کا طبی عملہ جو ناروے میں صحت و نگہداشت کے نظام میں ملازمت کرتا ہے۔
11. کاروباروں اور صنعتوں کے لیے نہایت اہم اور لازمی عملہ۔ اس عملے کے ناروے آنے سے پہلے آجر کو نارویجن حکام سے منظوری حاصل کرنی ہو گی۔
12. وہ بچے جو سکول جانے کے لیے روزانہ ناروے کی سرحد پار کرتے ہیں۔
13. سویڈن یا فن لینڈ میں رہائش پذیر غیر ملکی جو کام کے لیے روزانہ ناروے آتے جاتے ہیں۔

تمام استثناؤں کی مکمل فہرست دیکھنے کے لیے lovdata.no پر جائیں (صرف انگلش میں)

ملک میں آنے سے پہلے رجسٹریشن

ناروے میں داخل ہونے والے سب لوگوں کو پہلے ملک میں داخلے کا فارم مکمل کرنا ہو گا۔ ڈیجیٹل رجسٹریشن کرنے پر آپ کو ایک رسید ملے گی جو آپ آمد کے وقت پولیس کو دکھائيں گے۔

آپ کو ناروے پہنچنے سے پہلے رجسٹریشن کرنی ہو گی لیکن ضروری ہے کہ رجسٹریشن آمد کے وقت سے پہلے کے 72 گھنٹوں کے اندر اندر ہوئی ہو اور اس سے زیادہ پرانی نہ ہو۔

ملک میں آمد کی ڈیجیٹل رجسٹریشن کا لنک (entrynorway.no)

کوارنٹین چیک: دیکھیں کہ آپ کے لیے کونسے اصولوں کا اطلاق ہوتا ہے (Helsedirektoratet.no)

سفر سے پہلے ٹیسٹنگ

سٹنگمنفی COVID-19 ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ

سب لوگوں کو، یعنی نارویجن شہریوں کو بھی اور ملک میں آمد پر پابندی سے استثنا رکھنے والے غیر ملکی شہریوں کو بھی، ناروے کی سرحد پر منفی کرونا وائرس ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا۔

  • ضروری ہے کہ یہ ٹیسٹ ناروے میں آمد سے پہلے کے 24 گھنٹوں کے دوران لیا گیا ہو
  • ٹیسٹنگ کے منظور شدہ طریقے PCR یا اینٹیجن ایکسپریس ٹیسٹ ہیں
  • سرٹیفکیٹ نارویجن، سویڈش، ڈینش، انگلش، فرنچ یا جرمن زبان میں لکھا ہو

اگر آپ ہوائی جہاز سے آ رہے ہیں تو آپ ہوائی سفر کے پہلے حصے میں روانگی کے مقررہ وقت سے پہلے کے 24 گھنٹوں میں لیا گیا ٹیسٹ پیش کر سکتے ہیں۔

مندرجہ ذیل لوگوں کو ناروے میں آمد کے وقت منفی ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے:

  1. ان ممالک/علاقوں سے آنے والے مسافر جہاں کوارنٹین کی پابندی نہیں ہے
  2. 12 سال سے کم عمر کے بچے
  3. وہ لوگ جو منظور شدہ لیبارٹری طریقۂ کار سے ثابت کر سکتے ہوں کہ انہیں پچھلے چھ مہینوں کے دوران COVID-19 ہو چکا ہے
  4. وہ غیر ملکی جن کا آنا نہایت اہم معاشرتی فرائض کی مناسب انجام دہی جاری رکھنے یا عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے لازمی ہو یعنی انہیں داخلے کی اجازت نہ دینے میں زندگی اور صحت کے لیے خطرہ ہو
  5. ٹرانزٹ میں موجود غیر ملکی
  6. وہ غیر ملکی جو کام یا تعلیم کے لیے باقاعدگی سے سویڈن یا فن لینڈ سے ناروے آتے ہیں اور جو سات دنوں سے زیادہ ناروے سے باہر رہ چکے ہیں۔ سویڈن اور فن لینڈ کے طبی عملے کے لیے سرٹیفکیٹ کے الگ تقاضے ہیں۔ ملازمین/کارکنوں اور روزانہ سفر کرنے والوں کے لیے ملک میں آمد پر کوارنٹین سے متعلق پیراگراف پڑھیں۔
  7. پناہ کے درخواست گزار اور ری سیٹلمنٹ پناہ گزین
  8. وہ غیر ملکی جنہیں فیملی امیگریشن کے اصولوں کے تحت ناروے میں اقامتی اجازت نامہ ملا ہے
  9. ڈپلومیٹک سروس، فارن سروس یا سفارتی کام کرنے والے افراد
  10. سامان اور افراد کی ٹرانسپورٹ کا کام کرنے والے غیر ملکی یا جو ایسے کام پر جا رہے ہوں یا واپس آ رہے ہوں
  11. کام پر جانے والے یا واپس آنے والے پائلٹ اور بحری جہازوں کا عملہ
  12. سویڈن یا فن لینڈ سے روزانہ آنے جانے والے جن کا ہر ساتویں دن کرونا وائرس ٹیسٹ ہوتا ہے اور جو ٹیسٹ کروانے کا ثبوت دے سکتے ہوں
  13. Svalbard کے مستقل رہائشی
  14. سویڈن یا فن لینڈ سے ٹرانزٹ میں آنے والی پولیس اور سویڈن یا فن لینڈ کے کچھ کسٹم اہلکار جو سرکاری کام کر رہے ہوں۔

ملک میں آمد پر لازمی ٹیسٹنگ

یہ ثبوت دکھانے کے ساتھ ساتھ کہ ناروے کا سفر شروع کرنے سے پہلے آپ کا ٹیسٹ منفی آيا تھا،  ناروے آنے پر بھی آپ کو فوراً  COVID-19 کا ٹیسٹ کروانا ہو گا۔ سرحد پر ٹیسٹنگ سٹیشن موجود ہیں۔ ٹیسٹ کا نتیجہ ملنے تک آپ اسی جگہ انتظار کرنے کے پابند ہیں۔ بالعموم اس میں آدھا گھنٹا لگتا ہے۔ اگر یہ ٹیسٹ مثبت آیا تو آپ آمد کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر PCR ٹیسٹ کروائیں گے لیکن اگر آپ پچھلے 10 دن و رات میں یورپیئن اکنامک ایریا اور شینگن ایریا سے باہر وقت گزار چکے ہوں تو آپ کو سرحد پر ہی  PCR ٹیسٹ کروانا ہو گا۔

12 سال سے کم عمر کے بچوں کا ٹیسٹ بھی ہو گا لیکن اگر بچے کے احتجاج وغیرہ کی وجہ سے ٹیسٹ  کرنا مشکل ہو تو ٹیسٹ نہیں کیا جائے گا۔

اگر آپ ملک میں آمد پر کسی معقول وجہ کے بغیر ٹیسٹ نہ کروائیں اور اپنی مرضی سے ناروے سے رخصت نہ ہوں تو آپ کو جرمانوں کی سزا ملے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ سب لوگوں کو ملک میں آمد کے بعد ساتویں دن پر بھی ٹیسٹ کروانا ہو گا۔

مندرجہ ذیل افراد کو سرحد پر لازمی ٹیسٹنگ سے استثنا حاصل ہے:

  1. وہ افراد جو کام کے وقت اور فارغ وقت میں کوارنٹین کی پابندی سے مستثنی ہیں۔ کوارنٹین کے متعلق پیراگراف میں پڑھیں کہ یہ کون لوگ ہیں
  2. سویڈن یا فن لینڈ میں رہنے والے اور وہاں سے روزانہ آنے والے لوگ جنہیں آمد پر پابندی سے استثنا حاصل ہے اور جو ایک الگ ٹیسٹنگ کے نظام کے مطابق چل رہے ہیں
  3. لمبے فاصلے کی ٹرانسپورٹ کے پیشہ ور ڈرائیور اور ٹرین کا عملہ جو مال گاڑی پر کام نہیں کرتا، نیز مال گاڑیوں کے عملے کے بعض گروہ
  4. وہ افراد جو نہایت اہم معاشرتی فرائض کی مناسب انجام دہی جاری رکھنے یا عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے لازمی ہیں
  5. سفارتکار
  6. ہوائی جہازوں اور ٹرینوں کا وہ عملہ جو اپنا کام ناروے میں شروع کرے اور جو ہوائی جہاز یا ٹرین سے نکلے بغیر بیرون ملک سفر کرے، اسے ناروے میں کام کے وقت میں بھی اور فارغ وقت میں بھی سفری کوارنٹین سے استثنا حاصل ہے۔
  7. وہ غیر ملکی جنہیں نارویجن حکام نے بین الاقوامی مذاکرات وغیرہ میں شرکت کے لیے آنے کی دعوت دی ہو اور وہ غیر ملکی جو ناروے کے بین الاقوامی فرائض کے سلسلے میں وفد کے ساتھ آئے ہوں۔
  8. سویڈن یا فن لینڈ کا پولیس اور کسٹم کا عملہ جسے ناروے سے گزرتے ہوئے سفر کرنا ہو اور سویڈن یا فن لینڈ کا وہ کسٹم کا عملہ جسے ناروے میں کام کرنا ہو۔

نقطہ 5 اور 7 میں درج استثنا ان لوگوں کو نہیں ملتے جو ناروے میں آمد سے پہلے آخری 10 دنوں میں برطانیہ، یورپیئن اکنامک ایریا اور/یا شینگن سے باہر کے ممالک میں وقت گزار چکے ہوں۔

سفری کوارنٹین (ملک میں آمد پر کوارنٹین)

سرخ ممالک یا علاقوں سے ناروے آنے والے سب افراد کو 10 دن اور راتیں کوارنٹین میں رہنا ہو گا، سوائے یورپیئن اکنامک ایریا / شینگن یا برطانیہ کے بعض ایسے علاقوں سے آنے والوں کے جہاں انفیکشن کا پھیلاؤ کافی کم ہے (پیلے علاقے اور ممالک)۔

یورپ میں سرخ اور پیلے ممالک/علاقوں کا نقشہ (صرف انگلش میں)

پہلے COVID-19 ہو چکنے کی وجہ سے کوارنٹین سے استثنا نہیں ملتا۔

ملک میں آمد پر کوارنٹین کے اصول ان لوگوں کے لیے بھی واجب ہیں جن کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔

آپ اس طرح سفری کوارنٹین (ملک میں آمد پر کوارنٹین) مکمل کریں گے

  • آپ کوارنٹین ہوٹل میں سفری کوارنٹین مکمل کریں گے یا اگر آپ کو ہوٹل میں کوارنٹین کے تقاضے سے نیچے دی گئی فہرست کے مطابق استثنا حاصل ہو تو آپ کسی اور مناسب جگہ پر کوارنٹین پوری کریں گے۔
  • آپ صرف اس صورت میں قیامگاہ سے باہر وقت گزار سکتے ہیں کہ آپ کے لیے اپنے ساتھ رہنے والوں کے علاوہ دوسرے لوگوں سے قریبی واسطے سے بچنا ممکن ہو۔
  • آپ ایسے کام کے مقام پر نہیں جا سکتے جہاں دوسرے افراد بھی موجود ہوں اور نہ ہی سکول یا چھوٹے بچوں کے نگہداشتی ادارے میں جا سکتے ہیں۔
  • آپ کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے سوائے ناروے میں داخل ہوتے/ناروے چھوڑتے ہوئے ایئرپورٹ، بندرگاہ وغیرہ سے آنے اور جانے کے لیے۔ اور اس موقع پر 12 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو چہرے پر ماسک پہننا ہو گا۔
  • اگر کوارنٹین کے عرصے میں آپ کسی ایسے شخص کے ساتھ رہ رہے ہیں جس نے سفر نہیں کیا تو آپ کا سونے کا کمرہ اور غسلخانہ الگ ہونا چاہیے اور آپ کو دو میٹر فاصلہ رکھنا چاہیے۔ اگر اس پر عمل ممکن نہ ہو تو آپ کے ساتھ رہنے والوں کو بھی کوارنٹین اختیار کرنی چاہیے۔ اگر یہ ممکن نہ ہو تو کوارنٹین ہوٹل یا بلدیہ میں ہوٹل کے دوسرے انتظامات استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
  • آپ جن لوگوں کے ساتھ رہ رہے ہوں، انہیں بھی آپ کی گھر میں آمد کے سات دن بعد ٹیسٹ کروانا چاہیے (یہ آپ کے لیے لازمی ہے لیکن آپ کے ساتھ رہنے والوں کو بطور مشورہ بتایا جا رہا ہے)۔
  • اگر کوارنٹین کے دوران آپ میں COVID-19 کی علامات ظاہر ہوں تو آپ آئسولیشن اختیار کریں گے (سب سے الگ رہیں گے) اور ٹیسٹ کروانے کے لیے مقامی ہیلتھ سروس سے رابطہ کریں گے۔ فون نمبر 116117

کوارنٹین کے عرصے میں کمی

سفری کوارنٹین کرنے والے سب لوگ آمد کے سات دن بعد PCR ٹیسٹ کروائیں گے۔ یہ ٹیسٹ کروانے کے لیے بلدیہ یا کسی ٹیسٹنگ سنٹر سے رابطہ کریں۔ اگر آپ کوارنٹین ہوٹل میں ہوں تو بلدیہ یہ ٹیسٹ فراہم کرے گی۔ اس ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے تک آپ پر کوارنٹین کی پابندی واجب رہے گی۔

تحفظ رکھنے والے افراد اور 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو منفی ٹیسٹ کی صورت میں سات دن کی بجائے تین دن بعد سفری کوارنٹین ختم کرنے کی اجازت مل سکے گی۔ تحفظ رکھنے والا فرد ہونے کا ثبوت Helsenorge.no سے ملنا ضروری ہے۔

تحفظ رکھنے سے مراد یہ ہے:

  • وہ لوگ جن کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے
  • وہ لوگ جن کی ویکسین کی پہلی ڈوز کو 3 ہفتے سے زیادہ گزر چکے ہیں
  • وہ لوگ جنہیں پچھلے 6 مہینوں میں COVID-19 ہو چکا ہے۔

 مندرجہ ذیل افراد کام کے وقت میں اور فارغ وقت میں بھی سفری کوارنٹین سے مستثنی ہیں:

  1. وہ لوگ جو کوارنٹین کی پابندی والے کسی علاقے سے گزر کر پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کیے بغیر، وہاں رات گزارے بغیر اور اپنے ساتھ رہنے والوں کے علاوہ کسی اور سے قریبی واسطے کے بغیر ناروے آ رہے ہوں۔
  2. وہ لوگ جو سویڈن یا فن لینڈ میں مکان جیسی جائیداد، کشتی، کیمپنگ کاروان وغیرہ کی ضروری مرمت اور دیکھ بھال انجام دینے کے بعد ناروے آ رہے ہوں، اور انہوں نے نہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کی ہو، نہ وہاں رات گزاری ہو اور نہ ان کا اپنے ساتھ رہنے والوں کے علاوہ کسی اور سے قریبی واسطہ رہا ہو۔
  3. وہ لوگ جو ناروے میں کشتی میں سوار ہوئے ہوں اور ناروے واپس آنے تک صرف اسی کشتی میں رہے ہوں۔ دوسرے مسافر یا غیر ملکی بندرگاہ پر خشکی پر اترنے والا عملہ اس کشتی میں سوار نہ ہوئے ہوں، سوائے ان افراد کے جو اشیاء کی ٹرانسپورٹ انجام دے رہے ہوں بشرطیکہ وہ دوسرے مسافروں اور عملے سے قریبی واسطے سے بچتے رہے ہوں۔
  4. ہوائی جہازوں اور ٹرینوں کا وہ عملہ جو اپنا کام ناروے میں شروع کرے اور جو ہوائی جہاز یا ٹرین سے نکلے بغیر بیرون ملک سفر کرے۔ اگر آپ ہوائی جہاز یا ٹرین سے اترے ہوں تو آپ کو ناروے آمد پر اپنا ٹیسٹ کروانا ہو گا (ہوائی جہازوں کا عملہ) یا پہلے 24 گھنٹوں میں ٹیسٹ کروانا ہو گا (ٹرینوں کا عملہ) اور اس کے بعد ہر ساتویں دن ٹیسٹ کروانا ہو گا۔

کوارنٹین ہوٹل یا گھر میں سفری کوارنٹین، یا کسی اور مناسب جگہ پرکوارنٹین؟

آپ ملک میں آمد پر کوارنٹین کہاں مکمل کریں گے، یہ اس پر منحصر ہے کہ آپ کس ملک یا علاقے سے ناروے آئے ہیں۔ اگر اہم فلاحی وجوہ ہوں یا آجر نے پہلے سے منظور شدہ قیامگاہ کا انتظام کیا ہو تو آپ کو ہوٹل کوارنٹین سے استثنا مل سکتا ہے۔ 

قریبی افراد خاندان (شوہر/بیوی، بغیر شادی کیے ساتھ رہنے والے اور ان کے بچے) جو وطن میں اکٹھے رہتے ہوں اور اکٹھے ناروے آئے ہوں، وہ سفری کوارنٹین کے لیے ایک ہی قیامگاہ میں رہ سکتے ہیں۔

یورپیئن اکنامک ایریا / شینگن کے ممالک یا برطانیہ سے آنے والوں کے لیے خاص اصول

اگر آپ یورپیئن اکنامک ایریا / شینگن کے کسی ملک یا برطانیہ سے ناروے آ رہے ہوں تو اس ملک میں موجود انفیکشن کی بنیاد پر فیصلہ ہوتا ہے کہ آیا آپ کوارنٹین ہوٹل میں رہنے کے پابند ہیں یا آپ گھر/کسی اور مناسب قیامگاہ میں سفری کوارنٹین مکمل کر سکتے ہیں۔

اگر اس ملک یا علاقے میں انفیکشن کا زیادہ دباؤ ہو تو آپ کو ملک میں آمد پر کوانٹین پوری کرنے کے لیے ہوٹل میں رہنا ہو گا۔ آپ ملک میں آمد کے جلد از جلد 3 دن بعد PCR ٹیسٹ کروائیں گے۔ اگر نتیجہ منفی ہو تو آپ کوارنٹین پوری کرنے کے لیے گھر یا کسی اور مناسب قیامگاہ میں جا سکتے ہیں۔ آمد کے جلد از جلد 7 دن بعد آپ دوبارہ PCR ٹیسٹ کروائیں گے اور اگر اس کا نتیجہ منفی ہو تو آپ کوارنٹین ختم کر سکتے ہیں۔

اگر اس ملک یا علاقے میں انفیکشن کا کم دباؤ ہو تو آپ گھر یا کسی اور مناسب قیامگاہ میں کوانٹین پوری کر سکتے ہیں۔ ملک میں آمد کے جلد از جلد 7 دن بعد آپ PCR ٹیسٹ کروائیں گے۔ اگر نتیجہ منفی ہو تو آپ کوارنٹین ختم کر سکتے ہیں۔

نیچے پیراگراف میں کوارنٹین ہوٹل کے متعلق مزید تفصیل پڑھیں۔

یورپیئن اکنامک ایریا / شینگن کے ممالک اور برطانیہ کے علاوہ کسی ملک سے آنے والوں کے لیے خاص اصول

اگر آپ یورپیئن اکنامک ایریا / شینگن کے ممالک اور برطانیہ کے علاوہ کسی ملک سے ناروے آ رہے ہوں تو آپ ہوٹل میں کوارنٹین پوری کرنے کے پابند ہیں۔ صرف اس صورت میں استثنا ملتا ہے کہ اہم فلاحی وجوہ موجود ہوں یا آجر نے پہلے سے منظور شدہ قیامگاہ کا انتظام کر رکھا ہو۔ آمد کے جلد از جلد 7 دن بعد آپ PCR ٹیسٹ کروائیں گے۔ اگر اس کا نتیجہ منفی ہو تو آپ کوارنٹین ختم کر سکتے ہیں اور اپنی منزل کو جا سکتے ہیں۔

 کوارنٹین ہوٹل

جب آپ ناروے آئیں تو بنیادی اصول کے طور پر آپ کو کوارنٹین ہوٹل میں رہنا ہو گا۔ اگر آپ کو استثنا حاصل ہے تو آپ کو ملک میں آمد کے وقت اس کا ثبوت دکھانا ہو گا ۔ کوارنٹین ہوٹل کے متعلق معلومات آپ کو سرحدی کراسنگز اور ناروے میں داخلے کے مقامات پر موجود پولیس سے مل سکتی ہیں۔

آپ کو ہوٹل میں قیام کا خرچ خود اٹھانا ہو گا۔ یہاں آپ کو کم از کم سات دن رہنا ہو گا۔دن 7 پر آپ دوبارہ COVID-19 ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔ اس ٹیسٹ کا منفی نتیجہ آنے کی صورت میں آپ کوارنٹین ختم کر سکتے ہیں۔

جو نابالغ بچے اکیلے ناروے آئیں اور جنہیں کوارنٹین سے استثنا حاصل نہ ہو، وہ کوارنٹین ہوٹل میں ایک نگہداشت کرنے والے شخص کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔

کوارنٹین ہوٹل میں قیام کے اخراجات

کوارنٹین ہوٹل میں 18 سال سے زیادہ عمر کے پرائیویٹ افراد اور آجروں کے لیے یومیہ فیس 500 کرونر ہے۔ سرپرستوں کے کمرے میں رہنے والے 10 سال سے کم عمر کے بچے ہوٹل میں مفت ٹھہرتے ہیں۔ 10 سے 18 سال عمر کے بچوں کے لیے یومیہ فیس 250 کرونر ہے۔ یہ فیس کوارنٹین ہوٹل میں عام بل کی طرح ادا کی جائے گی یعنی آمد کے وقت یا ہوٹل چھوڑنے سے پہلے۔

کوارنٹین ہوٹل میں مفت COVID-19 ٹیسٹنگ کا انتظام ہے۔

 کوارنٹین ہوٹل سے استثنا

کچھ گروہوں کو کوارنٹین ہوٹل میں قیام سے استثنا مل سکتا ہے۔ اس بارے میں اصول نارویجن ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن (Utlendingsdirektoratet) کی ویب سائیٹ پر About the corona situation - UDI کے تحت موجود ہیں کہ کون لوگ درخواست دے سکتے ہیں اور کیسے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس لنک پر استثنا کی درخواست دیں

مندرجہ ذیل افراد کو کوارنٹین ہوٹل میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے:

  1. پیراگراف 'سفری کوارنٹین' کے نیچے دی گئی تعریف کے مطابق تحفظ رکھنے والے افراد جو no سے اس کا ثبوت دے سکتے ہوں اور 12 سال سے چھوٹے بچے۔
  2. وہ افراد جنہوں نے اہم فلاحی وجوہ یا دیگر بہت اہم وجوہ سے کوارنٹین ہوٹل میں قیام سے استثنا لینے کے لیے UDI کو درخواست دی ہو جو منظور ہو گئی ہو، اور جو کسی اور مناسب قیامگاہ میں کوارنٹین پوری کر سکتے ہیں جہاں دوسروں سے قریبی واسطے سے بچنا ممکن ہو۔ قیامگاہ میں ان کے لیے الگ کمرہ، الگ غسلخانہ اور الگ باورچی خانہ/کھانا منگوانے کا انتظام ہونا ضروری ہے۔
  3. وہ افراد جو کام کے لیے آ رہے ہوں اور ان کا آجر یا کانٹریکٹ پر کام دینے والا کوارنٹین کے عرصے میں الگ کمرے والی مناسب قیامگاہ کا انتظام کرے۔ آپ کے پاس یہ ثبوت ہونا ضروری ہے کہ آپ کام یا کانٹریکٹ ورک انجام دیں گے اور آجر یا کانٹریکٹ پر کام دینے والا اس قیامگاہ کی منظوری حاصل کر چکا ہے۔ قیامگاہ ایسی ہونا ضروری ہے جہاں دوسرے لوگوں سے قریبی واسطے سے بچنا ممکن ہو اور ٹی وی اور انٹرنیٹ کے ساتھ الگ کمرہ، الگ غسلخانہ اور الگ باورچی خانہ یا کھانا منگوانے کا انتظام ہو۔ ثبوت کے طور پر ملازمت کا معاہدہ یا کانٹریکٹ پیش کیا جا سکتا ہے۔ اس میں یہ لکھا ہونا ضروری ہے کہ آپ کہاں رہیں گے نیز آجر یا کانٹریکٹ پر کام دینے والے کا نام، پتہ اور فون نمبر بھی لکھا ہو۔
  4. وہ افراد جو والدین اور بچوں کے درمیان طے شدہ ملاقات یا قانوناً مقرر ملاقات انجام دینے کے لیے آ رہے ہوں یا جب بچوں کے قانون اور تحفظ بچگان کے قانون کے تحت بچے باری باری ماں اور باپ کے پاس رہتے ہوں۔
  5. وہ افراد جو کام یا تعلیم کے سلسلے میں باقاعدگی سے سویڈن یا فن لینڈ سے سرحد پار کر کے آتے ہوں اور جنہیں COVID-19 ضابطے کے سیکشن 6b کے تحت کوارنٹین کی پابندی سے استثنا حاصل ہو۔
  6. پناہ کے درخواست گزار اور ری سیٹلمنٹ پناہ گزین
  7. کچھ پیشوں کے لوگ جو ناروے آ رہے ہوں اور ثبوت دے سکتے ہوں کہ وہ کام یا کانٹریکٹ پر کام انجام دیں گے اور انہیں کوارنٹین سے مکمل یا جزوی استثنا حاصل ہے۔ ان لوگوں کو اپنے آجر سے رابطہ کر کے وضاحت حاصل کرنی چاہیے کہ کونسے اصول واجب ہیں۔

استثنا اس شرط پر ملتا ہے کہ آپ کوارنٹین کے عرصے میں گھر یا کسی اور مناسب قیامگاہ میں رہیں گے۔

گھر یا کوئی اور مناسب قیامگاہ

کوارنٹین ہوٹل سے مستثنی' افراد کے کوارنٹین کرنے کے لیے منظور شدہ قیامگاہیں یہ ہیں:

  • ناروے میں مستقل رہائشگاہ، چاہے یہ ملکیتی ہو یا کرایے پر ہو۔ یہاں کیمپنگ کاروان، کشتیوں وغیرہ جیسی پورٹیبل قیامگاہیں مراد نہیں ہیں۔ آپ کو ملک میں آمد کے وقت گھر کی ملکیت یا کرایہ داری کا ثبوت دینے کے قابل ہونا چاہیے اور کرایہ نامے کی مدت کم از کم چھ مہینے ہونا ضروری ہے۔ اگر آپکی کوارنٹین کے دوران آپ کا سونے کا کمرہ اور غسلخانہ الگ نہیں ہے تو آپ کے ساتھ رہنے والے دوسرے لوگوں کو بھی کوارنٹین اختیار کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔
  • کوئی اور مناسب قیامگاہ، اگر ملک میں آمد کے وقت آپ اہم فلاحی ضروریات کا ثبوت دے سکتے ہوں جن کی وجہ سے آپ کا اس جگہ رہنا ضروری ہو۔ آپ کو یہ ثابت کرنے کے قابل بھی ہونا چاہیے کہ یہ جگہ کوارنٹین قیام کے لیے مناسب ہے۔ اس فہرست کے نیچے مناسب قیامگاہ کی وضاحت پڑھیں۔
  • ایسی مناسب قیامگاہ جس کا انتظام آجر کرے۔ یہ ضروری ہے کہ آجر ملازم/کارکن کی ملک میں آمد سے پہلے نارویجن لیبر انسپیکشن اتھارٹی (Arbeidstilsynet) سے قیامگاہ کی منظوری پا چکا ہو۔ آپ کو ملک میں آمد کے وقت اس منظوری کا ثبوت دینے کے قابل ہونا چاہیے۔

مناسب قیامگاہ: ضروری ہے کہ یہاں دوسرے لوگوں سے قریبی واسطے سے بچنا ممکن ہو۔ قیامگاہ میں ٹی وی اور انٹرنیٹ کے ساتھ الگ کمرہ، الگ غسلخانہ اور الگ باورچی خانہ یا کھانا منگوانے کا انتظام ہو۔

سفری رجسٹریشن کے لازمی فارم میں آپ یہ تصدیق نامہ منسلک کریں گے کہ قیامگاہ کوارنٹین مکمل کرنے کے تقاضے پورے کرتی ہے۔

ملک میں آنے والوں کے لیے نیشنل کنٹرول سنٹر

ناروے آنے والے مسافروں سے 'ملک میں آنے والوں کے لیے نیشنل کنٹرول سنٹر' کوارنٹین کے عرصے میں ایس ایم ایس اور فون پر رابطہ کرے گا۔

اگر کنٹرول سنٹر کا آپ سے رابطہ نہ ہو سکا تو اس کی اطلاع بلدیہ کے چیف میڈیکل آفیسر یا نارویجن لیبر انسپیکشن اتھارٹی کو دی جا سکتی ہے۔ کنٹرول سنٹر کو آپ کے متعلق معلومات ملک میں آمد کے رجسٹر سے ملتی ہیں۔

یہ اہم ہے کہ آپ اس فون نمبر سے آنے والی کال کا جواب دیں 2189xxxx

Svalbard

Svalbard کا سفر کرنے والے سب لوگوں کو بنیادی اصول کے طور پر کرونا وائرس کے منفی ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا۔ یہ ضروری ہے کہ یہ ٹیسٹ آپ کی Svalbard میں آمد سے پہلے کے 24 گھنٹوں میں ناروے میں لیا گيا ہو۔

ملازمین/کارکنوں اور روزانہ سفر کرنے والوں کے لیے ملک میں آمد پر کوارنٹین

بنیادی اصول کے طور پر غیر ملکی ملازمین/کارکن کوارنٹین ہوٹل میں کوارنٹین مکمل کریں گے۔ کوارنٹین کی پابندی کے تحت ممالک سے ناروے آنے والے سب لوگ:

  • 10 دن کوارنٹین میں گزاریں گے اور اس کے بعد ہی وہ کام کرنا شروع کر سکتے ہیں
  • اوپر کے پیراگراف میں بیان کردہ طریقے سے، کرونا وائرس ٹیسٹ کا منفی نتیجہ آنے پر سفری کوارنٹین کا عرصہ کم کر سکتے ہیں

ان افراد کے لیے کام کے وقت میں استثنا جو اکثر ملک کی سرحد پار کرتے ہیں

  • وہ طبی عملہ جس کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہو، جو ہسپتال یا بلدیاتی ہیلتھ سروس میں نہایت اہم فرائض انجام دیتا ہو، کام کے وقت میں کوارنٹین سے استثنا رکھتا ہے بشرطیکہ ناروے میں آمد پر ان کا ٹیسٹ منفی آئے۔
  • لمبے سفر کی ٹرانسپورٹ کے پیشہ ور ڈرائیوروں، ٹرین کے عملے اور ہوائی جہازوں کے عملے میں سے کچھ کو اور جن کارکنوں کو کام کرنے کے لیے نارویجن بندرگاہ پر کھڑے بحری جہاز میں جانا ہو، انہیں کام کے وقت میں سفری کوارنٹین سے استثنا مل سکتا ہے۔ ان لوگوں کو اپنے آجر سے رابطہ کر کے وضاحت حاصل کرنی چاہیے کہ ان کے لیے کیا واجب ہے۔
  • سویڈن یا فن لینڈ سے ٹرانزٹ میں آنے والی پولیس اور سویڈن یا فن لینڈ کے کچھ کسٹم اہلکار جو سرکاری کام کر رہے ہوں، وہ بھی کام کے وقت میں کوارنٹین سے مستثنی ہیں۔
  • وہ اکثر سفر کرنے والے لوگ جو 15 دنوں کے عرصے میں ایک بار سے زیادہ سویڈن یا فن لینڈ سے سرحد پار کر کے ناروے آتے ہیں، کام کے وقت میں کوارنٹین سے استثنا حاصل کر سکتے ہیں بشرطیکہ وہ اس طرح اپنا ٹیسٹ کروائیں:
  1. کم از کم ہر ساتویں دن

یا

  1. ناروے آنے کے پہلے دن، اور پھر ہر ساتویں دن، اگر آپ کو ناروے میں ٹیسٹ کروائے ہوئے سات دن سے زیادہ گزر چکے ہوں

یا

  1. سویڈن یا فن لینڈ میں کروائے گئے آخری COVID-19 ٹیسٹ کے بعد سات دنوں کے دوران (یہ اصول صرف روزانہ سفر کرنے والوں کے لیے ہے)

اگر ناروے میں آمد سے پہلے کے 10 دنوں میں آپ سویڈن یا فن لینڈ کے علاوہ کسی اور ملک میں وقت گزار چکے ہوں یا اگر آپ ساتھ ساتھ سویڈن یا فن لینڈ کے صحت و نگہداشت کے نظام میں بھی کام کرتے ہوں تو آپ کو استثنا نہیں مل سکتا۔

مزید تفصیل پڑھیں (صرف انگلش میں)

اہم فلاحی وجوہ نیز سفری کوارنٹین کو متاثر کر سکنے والے حالات کی وجہ سے سفری کوارنٹین سے استثنا

بعض  صورتوں میں آپ کو سفری کوارنٹین کی پابندی سے استثنا مل سکتا ہے:

  • اپنے کسی پیارے شدید بیمار شخص سے ملنے یا اپنے پیارے کے جنازے یا تدفین میں شریک ہونے کے لیے۔ کوارنٹین سے استثنا صرف اس وقت کے لیے ہو گا جب آپ بیمار سے مل رہے ہوں یا جنازے/تدفین میں شریک ہوں۔ اس کے علاوہ کوارنٹین کا اطلاق ہو گا۔ استثنا صرف تب ملتا ہے جب سرحد پر آپ کے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آئے اور ملاقات یا جنازے/تدفین میں آپ کی شرکت اسی دن ہو۔ اس صورت میں آپ کو ٹیسٹ کی فیس خود ادا کرنی ہو گی۔
  • اگر آپ کو بچوں کے قانون یا تحفظ بچگان کے قانون کے تحت بچوں سے ملاقات کا معاہدہ حاصل ہو:
  1. جب آپ ناروے آئیں تو آپ کو سفری کوارنٹین سے استثنا نہیں ملتا لیکن آپ کوارنٹین کے عرصے میں اپنے بچوں کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔ آمد کے بعد دن 3 اور دن 7 پر ٹیسٹ (PCR) کروانا لازمی ہے۔
  2. اگر آپ بیرون ملک رہنے والے اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے گئے تھے تو آپ کو ناروے میں آمد پر سفری کوارنٹین سے استثنا مل سکتا ہے۔ یہ اصول صرف تب واجب ہے جب ناروے میں آمد کے بعد جلد از جلد دن 3 پر آپ کے ٹیسٹ(PCR) کا نتیجہ منفی آئے۔ اگر آپ کے پاس ناروے میں ملازمت نہیں ہے تو آپ کام کے وقت میں کوارنٹین سے استثنا نہیں لے سکتے۔
  3. ملک سے باہر والد یا والدہ کے ساتھ وقت گزار کر آنے والا آپ کا بچہ ناروے میں آمد کے بعد جلد از جلد دن 3 پر کروائے گئے ٹیسٹ(PCR) کا منفی نتیجہ آنے پر سکول کے وقت میں کوارنٹین سے استثنا لے سکتا ہے۔ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو کوارنٹین سے چھوٹ حاصل ہے چاہے ان کا ٹیسٹ نہ ہوا ہو۔

اگر آپ ثابت کر سکتے ہوں کہ آپ بچوں کے قانون یا تحفظ بچگان کے قانون کے تحت بچوں کے ساتھ طے شدہ یا قانوناً مقررہ ملاقات کے لیے ناروے کی سرحد پار کر رہے ہیں تو آپ مناسب قیامگاہ میں کوارنٹین مکمل کر سکتے ہیں۔ اس صورت میں آپ کا الگ کمرہ، الگ غسلخانہ یا باورچی خانہ ہونا ضروری نہیں ہے۔

یہاں شوہر/بیوی، بوائے فرینڈ/گرل فرینڈ یا دوسرے قریبی لوگ جو شدید بیمار نہ ہوں، "اہم فلاحی وجوہ" کے تحت نہیں آتے۔

اگر آپ کو کوارنٹین سے استثنا ملا ہو اور آپ میں COVID-19 کی علامات ظاہر ہو جائیں یا ڈاکٹر کی رائے میں آپ کو COVID-19 انفیکشن کا شبہ ہو تو آپ کو بہرحال کوارنٹین میں جانا پڑے گا۔

یہاں آپ کو کئی زبانوں میں کرونا وائرس کے متعلق معلومات ملیں گی (regjeringen.no)