ناروے میں قانونی اقامت نہ رکھنے والوں کے لیے علاج

ناروے میں موجود سب لوگوں کو ایمرجنسی مدد اور اس طبی مدد کا حق حاصل ہے جو عین ضروری ہو اور جس میں دیر نہ کی جا سکتی ہو۔

بالغ افراد کا طبی خدمات کا حق

ناروے میں قانونی اقامت نہ رکھنے والے 18 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو ایمرجنسی مدد اور اس طبی مدد کا حق حاصل ہے جو عین ضروری ہو اور جس میں دیر نہ کی جا سکتی ہو۔ آپ کو طبی مدد کا خرچ ادا کرنا ہوتا ہے لیکن آپ کو پیشگی ادائیگی نہیں کرنی پڑتی۔

حاملہ خواتین کا طبی خدمات کا حق

حاملہ خواتین کو حمل اور ولادت کے دوران اور بعد از ولادت عرصے میں طبی خدمات کا مکمل حق حاصل ہے۔ حاملہ خواتین کو اسقاط حمل (ابارشن) کروانے کا بھی مکمل حق حاصل ہے۔

بچوں کا طبی خدمات کا حق

18 سال تک کے سب بچوں کو ناروے میں دوسرے بچوں کے برابر صحت اور نگہداشت کی خدمات کا حق حاصل ہے۔ قانونی اقامت نہ رکھنے والے بچوں کو فیملی ڈاکٹر کی فہرست میں شامل ہونے کا حق حاصل نہیں ہے۔

انفیکشن سے بچاؤ کے لیے مدد کا حق

بعض بیماریاں ایک انسان سے دوسرے تک بہت آسانی سے پھیلتی ہیں اور بیماری میں مبتلا ہونے والے شخص کے ساتھ ساتھ معاشرے کے لیے بھی سنگین نتائج پیدا کرتی ہیں۔ lovdata.no پر ایسی بیماریوں کی فہرست موجود ہے جو پورے معاشرے کے لیے خطرناک متعدّی بیماریاں ہیں۔

اگر آپ کے لیے کسی ایسی بیماری میں مبتلا ہونے کا خطرہ ہو تو آپ کو انفیکشن سے بچاؤ کے لیے مدد کا حق حاصل ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ کو

  • ویکسینیشن
  • معلومات
  • اور روک تھام کے لیے دیگر ضروری مدد لینے کا حق حاصل ہے

اگر آپ کو ایسی بیماری ہو چکی ہو تو آپ کو علاج کا حق حاصل ہے۔

ناروے میں مقیم سب لوگوں کو انفیکشن سے بچاؤ کے لیے مفت مدد ملتی ہے۔

پناہ کی درخواست پر حتمی انکار کی صورت میں

چاہے آپ کو پناہ کی درخواست پر حتمی انکار ہو چکا ہو، آپ کو حق حاصل ہے کہ

  • ہسپتال میں آپ کا معائنہ کیا جائے
  • آپ کو ہنگامی طبی مدد ملے
  • آپ کو وہ طبی مدد ملے جو عین ضروری ہو اور جس میں دیر نہ کی جا سکتی ہو۔

اگر آپ کو ذہنی صحت کے مسائل ہوں تو آپ کو ذہنی صحت کے نظام میں علاج کا حق حاصل ہے۔

ناروے میں قانونی اقامت نہ رکھنے والے بچوں کو ڈاکٹر کے پاس اور ہسپتال میں طبی مدد لینے کا حق حاصل ہے لیکن انہیں فیملی ڈاکٹر لینے کا حق حاصل نہیں ہے۔

اگر آپ کو پناہ کی درخواست پر حتمی انکار ہو چکا ہو تو آپ کو ڈاکٹر کے پاس اور ہسپتال میں علاج کی فیس ادا کرنی ہو گی لیکن یہ فیس علاج حاصل کرنے سے پہلے ادا نہیں کرنی پڑتی۔ اگر آپ بعد میں بھی فیس ادا نہ کر سکتے ہوں تو یہ اخراجات ہیلتھ سروس اٹھائے گی۔

اگر حاملہ خاتون کی پناہ کی درخواست پر انکار ہو چکا ہو تو اسے حق حاصل ہے کہ

  • بچے کی ولادت سے پہلے، اس کے دوران اور بعد میں اسے طبی مدد ملے
  • وہ ہسپتال میں بچے کو جنم دے
  • وہ اسقاط حمل کروا سکے

آپ جتنا عرصہ ناروے میں ہوں، آپ کا یہ حق برقرار رہتا ہے۔

اگر آپ کے پاس مالی گنجائش ہو تو آپ کو ولادت کے اخراجات خود ادا کرنے ہوتے ہیں۔ اگر آپ ادائیگی نہ کر سکتی ہوں تو یہ اخراجات ہیلتھ سروس اٹھائے گی۔

ناروے میں قانونی کاغذات کے بغیر مقیم تارکین وطن کے لیے ہیلتھ سنٹر

مفت۔ ڈراپ اِن- رازداری کی پابندی

جتنا عرصہ آپ ناروے میں ہوں، چاہے آپ کی قانونی حیثیت کوئی بھی ہو، آپ صحت کے ہر قسم کے مسائل اور سوالات کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔ تمام طبی مدد مفت ملتی ہے۔

اوسلو

ہیلتھ سنٹر کھلنے کے اوقات:

  • منگل: شام 4 بجے سے رات 8 بجے
  • جمعرات: صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے

ہیلتھ سنٹر اوسلو شہر کے مرکز میں واقع ہے۔ آپ فون کر کے ہم سے راستہ پوچھ سکتے ہیں۔

فون نمبر: 488 90 560

ویب سائیٹ: kirkensbymisjon.no/helsesenteret

برگن

ہر جمعرات کو شام 6 بجے سے رات 8.30 بجے کے درمیان پہلے سے وقت لیے بغیر آ سکتے ہیں۔

خواتین کے لیے مفت طبی مدد:
خواتین مہینے کی ہر دوسری اور چوتھی بدھ کو شام 6 بجے سے رات 8.30 بجے کے درمیان پہلے سے وقت لیے بغیر آ سکتی ہیں۔

ہمارا پتہ جاننے اور ہماری خدمات کے متعلق معلومات کے لیے ہمیں فون کریں۔

فون سروس کے اوقات:

  • منگل، صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے
  • بدھ، صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے
  • جمعرات، شام 6 بجے سے رات 8.30 بجے
  • جمعہ، صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے

فون نمبر: 400 49 094

ویب سائیٹ: kirkensbymisjon.no/helsesenteret-bergen/

یہ مواد فراہم کرنے والے ہیں Helsedirektoratet

آخری تبدیلیوں کی تاریخ 16 نومبر, 2022