تمباکونوشی چھوڑنے کے فوائد

تمباکونوشی چھوڑںا آپ کے لیے اور آپ کے جسم کے لیے اچھا ہے۔ تمباکونوشی چھوڑنے کے کچھ فوائد تو آپ کو صرف 20 منٹ بعد ہی محسوس ہونے لگتے ہیں۔

avslappet mann

تصویر: Dean Drobot / Mostphotos

تمباکونوشی چھوڑنے کے منٹوں بعد

تمباکونوشی چھوڑنے کے 20 منٹ بعد

20 منٹ بعد آپ کا بلڈ پریشر اور نبض کی رفتار کم ہو کر نارمل ہو جاتی ہے۔ تمباکونوشی کرنے والوں کے ہاتھ اور پاؤں اکثر ٹھنڈے رہتے ہیں لہذا اب آپ کے جسم میں حرارت واپس آنے لگتی ہے۔

آپ نے وقت سے پہلے چہرے پر جھریاں پڑنے کی ایک اہم وجہ دور کر لی ہے۔ آپ کو ان سارے زہریلے مادّوں کے متعلق فکر نہیں کرنی پڑتی جو آپ ہر سگرٹ کے ساتھ اپنے جسم میں لے جاتے تھے۔

تمباکونوشی چھوڑنے کے گھنٹوں بعد

تمباکونوشی چھوڑنے کے 8 گھنٹے بعد

8 گھنٹے بعد آپ کے خون میں کاربن ڈائی آکسائڈ کم ہو کر نارمل سطح کے قریب آنے لگتی ہے۔ اس وجہ سے آکسیجن کے مالیکیولز کے لیے جگہ بڑھ جاتی ہے اور خون میں آکسیجن کی مقدار زیادہ نارمل ہو جاتی ہے۔

آپ کو تھکاوٹ کم محسوس ہو گی اور ہر وہ سگرٹ جو آپ نے نہیں پیا، آپ کی زندگی میں 5 سے 7 منٹ کا اضافہ کر رہا ہے۔

تمباکونوشی چھوڑنے کے 24 گھنٹے بعد

اب دل کے دورے کا خطرہ کم ہونے لگا ہے۔ اگر آپ پہلے دن میں ایک پیکٹ سگرٹ پیتے تھے تو آپ نے ایک سو کرونر بچا لیے ہیں۔

تمباکونوشی چھوڑنے کے 72 گھنٹے بعد

اب پھیپھڑے بہتر ہو رہے ہیں اور پھیپھڑوں کی گنجائش بڑھ رہی ہے۔

نکوٹین کی طلب اور سگرٹ چھوڑنے کی وجہ سے طبیعت پر اثر شاید بڑھ گیا ہو لیکن اگر آپ برداشت سے کام لیں تو آنے والے دنوں میں آپ بہتر محسوس کریں گے۔ یہ مسائل بالعموم چند ہفتوں بعد بالکل ختم ہو جاتے ہیں۔

تمباکونوشی چھوڑنے کے ہفتوں بعد

تمباکونوشی چھوڑنے کے 2 سے 12 ہفتے بعد

اب آپ کے خون کی گردش اور پھیپھڑوں کی گنجائش اتنی بہتر ہو چکی ہے کہ اب تیز حرکت کرنا آسان لگتا ہے۔ آپ کی کمر کے مہروں میں بھی خون کی گردش بہتر ہو گئی ہے لہذا آپ کے لیے کمر کی تکلیف کا خطرہ کم ہو گيا ہے۔

آپ کی جلد میں تازگی اور گلابی رنگت واپس آنے لگی ہے۔ مسوڑھوں کی بیماری کا خطرہ کم ہے اور اگر مسوڑھوں کی بیماری ہو چکی ہے تو بہتر صحتیابی ممکن ہے۔ اب آپ کی چکھنے اور سونگھنے کی حسّیں بیدار ہو گئی ہیں اس لیے کھانے اور پینے کا زیادہ مزا آتا ہے۔

اگر آپ عورت ہیں اور ماں بننا چاہتی ہیں تو حمل ٹھہرنے کا زیادہ امکان ہے۔

آپ کے خون کی گردش بہتر ہو چکی ہے۔ اگر آپ مرد ہیں تو اب آپ کا مردانہ عضو زیادہ سخت ہو سکتا ہے۔

تمباکونوشی چھوڑنے کے مہینوں بعد

تمباکونوشی چھوڑنے کے 4 سے 6 مہینے بعد

سانس کی نالیوں کے اندر پائے جانے والے باریک ریشے صحتمند ہو چکے ہیں اور اب وہ بھرپور طریقے سے پھیپھڑوں کی صفائی کا کام کر رہے ہیں۔ آپ کو کھانسی اور بلغم کم آتی ہے۔

اب آپ کا جسم ان نقصانات کی تلافی میں لگا ہوا ہے جو تمباکونوشی کی وجہ سے شریانوں کو پہنچے ہیں۔ خون کا لوتھڑا بننے کی وجہ سے گردش خون میں رکاوٹ کا خطرہ اب اس وقت کی نسبت بہت کم ہے جب آپ تمباکونوشی کرتے تھے۔

تمباکونوشی کے زمانے کی نسبت اب آپ غالباً زیادہ ہشاش بشاش محسوس کر رہے ہیں۔

تمباکونوشی چھوڑنے کے سالوں بعد

تمباکونوشی چھوڑنے کے 1 سال بعد

اب آپ کی نکوٹین کی لت باقی نہیں ہے۔

آپ نے شریانوں کی تنگی اور دل کے دورے کا خطرہ پہلے کی نسبت آدھا کر لیا ہے۔ آپ کا مدافعتی نظام بہتر ہو چکا ہے اور آپ کے لیے زکام اور دوسری بیماریوں کا مقابلہ کرنا زیادہ آسان ہے۔

الرجیوں اور نظام تنفّس میں ورم کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہے۔

جسم اب معدے کے السر کو جلد مندمل کرنے کے قابل ہے اور آپ نے معدے کے السر کے لوٹ آنے کا خطرہ کم کر لیا ہے۔

پچھلے سال کے دوران آپ کئی ہزار زہریلے مادّوں سے بچے رہے ہیں۔ ان میں سے کئی مادّے کینسر پیدا کرتے ہیں۔

اگر آپ دن میں 20 سگرٹوں کا پیکٹ پیا کرتے تھے تو آپ:

  • وہ 1 000 گھنٹے بچا چکے ہیں جو پہلے سگرٹ پینے پر استعمال ہوتے تھے
  • ​5 000 سگرٹوں سے پرہیز کر چکے ہیں

تمباکونوشی چھوڑنے کے 5 سال بعد

اب آپ کے دماغ میں خون کی رگ پھٹنے کا زیادہ خطرہ نہیں رہا۔

اگر آپ کے جسم کے خلیات کینسر سے پہلے کی سٹیج پر ہیں تو اب ان کے ٹھیک ہونے کے امکانات بہتر ہو گئے ہیں۔ آپ نے ان اعضا میں کینسر بننے کا خطرہ بڑی حد تک کم کر لیا ہے:

  • منہ
  • گلا
  • حلق
  • مثانہ
  • گردے
  • سرویکس (عنق رحم)
  • لبلبہ

اگر آپ دن میں 20 سگرٹ پیتے تھے تو اب آپ تقریباً 35 000 سگرٹوں سے پرہیز کر چکے ہیں۔

تمباکونوشی چھوڑنے کے 10 سال بعد

اب آپ پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ آدھا کر چکے ہیں۔

اگر آپ دن میں 20 سگرٹ پیتے تھے تو:

  • آپ ایک سال بچا چکے ہیں جو دوسری صورت میں آپ تمباکونوشی میں گزار دیتے
  • آپ تقریباً 70 000 سگرٹوں سے پرہیز کر چکے ہیں

آپ اپنی صحت بہت بہتر کر چکے ہیں۔ اگر آپ تمباکونوشی چھوڑنے سے بچنے والے پیسے جمع کر رہے ہیں تو 30 سالوں میں آپ کے پاس کئی لاکھ کرونر جمع ہو جائیں گے۔

Fact sheet about health benefits of smoking cessation, WHO 

The Health Consequences of Smoking—50 Years of Progress: A Report of the Surgeon General. U.S. Department of Health and Human Services, Centers for Disease Control and Prevention, 2014. 

Brunnhuber et.al: Putting evidence into practice: Smoking cessation, BMJ group 2007 

The Health Benefits of Smoking Cessation: A Report of the Surgeon General, U.S. Department of Health and Human Services, Centers for Disease Control and Prevention, 1990 

North D. og kolleger: Guidelines for Smoking Cessation, New Zealand 2002 

Glantz S.: Tobacco Biology & Politics, USA 1992 

Nikotinavhengighet – medisinsk-biologiske forhold, Dybing E., og T. Sanner, Tidsskriftet Den norske legeforening, 2002 

Immune function in cigarette smokers who quit smoking for 31 days, Meliska, CJ, ME Stunkard, DG Gilbert, RA Jensen, JM Martiko, The journal of allergy an clinical immunology, 1995 april 95 (4):901-10 

یہ مواد فراہم کرنے والے ہیں Helsedirektoratet

آخری تبدیلیوں کی تاریخ 03 جنوری, 2022