ہیلتھ سروس میں ترجمان

آپ کو آپ کی صحت، بیماری اور علاج کے متعلق اس زبان میں معلومات ملنی چاہیئں جو آپ سمجھتے ہوں۔ اگر آپ کے لیے نارویجن سمجھنا اور بولنا مشکل ہے تو آپ کو اپنی ترجیحی زبان کا ترجمان لینے کا حق حاصل ہے۔

کن لوگوں کو ترجمان لینے کا حق حاصل ہے؟

اگر آپ کو گفتگو سمجھ نہ آ تی ہو اور آپ اپنی ضرورت نہ بتا سکتے ہوں تو آپ کو اپنی ترجیحی زبان میں ترجمان لینے کا حق حاصل ہے۔ چاہے آپ عام زندگی میں نارویجن بولتے ہوں پھر بھی آپ کو ترجمان لینے کا حق حاصل ہے۔

ترجمان کی بکنگ کون کرتا ہے؟

یہ ہیلتھ سروس کی ذمہ داری ہے کہ کوالیفائڈ ترجمان بک کیا جائے۔

یہ جاننا مشکل ہو سکتا ہے کہ کیا ترجمان کی ضرورت ہے۔ بنیادی طور پر یہ غور عملۂ صحت کرتا ہے کہ کیا ترجمان کی ضرورت ہے۔ اگر آپ کے خیال میں ترجمان کی ضرورت ہو تو آپ بھی بتا سکتے ہیں، مثلاً اپائنٹمنٹ لیتے ہوئے۔ آپ ہیلتھ سروس کو فون کر کے بھی درخواست کر سکتے ہیں کہ آپ کی زبان کا ترجمان بک کیا جائے۔

کبھی کبھار کمرے میں موجود ترجمان کی جگہ وڈیو کال یا فون پر ترجمانی کا طریقہ اچھا ہو سکتا ہے۔

ترجمانی کا قانون کہتا ہے کہ سرکاری ادارے کوالیفائڈ ترجمان استعمال کرنے کے پابند ہیں۔

کون ترجمانی کر سکتا ہے؟

یہ ضروری ہے کہ ترجمان نے ترجمانی کی تعلیم حاصل کی ہو۔

بچوں کو ترجمان کے طور پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔ دوسرے رشتہ داروں یا ترجمانی کی تعلیم نہ رکھنے والے لوگوں کو بھی کوالیفائڈ ترجمان کی جگہ استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

ترجمان استعمال کرتے ہوئے خود آپ کو کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟

یہ اہم ہے کہ آپ ہیلتھ سروس کو پوری وضاحت سے بتائیں کہ آپ کی ترجیحی زبان کونسی ہے۔

جب بات چیت کے لیے ترجمان کو بلایا گیا ہو تو یہ اہم ہے کہ آپ مقررہ وقت پر پہنچیں۔ اگر آپ اپنی اپائنٹمنٹ کے لیے نہ آ سکتے ہوں تو آپ کو کم از کم 24 گھنٹے پہلے اپائنٹمنٹ منسوخ کروانی چاہیے۔ اگر آپ ایسا نہ کریں تو آپ کو اپائنٹمنٹ کی فیس بہرحال دینی پڑے گی۔ جب ترجمان کو بلایا گیا ہو تو یہ یاد رکھنا خاص طور پر اہم ہے۔

ترجمان کیا ہوتا ہے اور ترجمان کے فرائض کیا ہیں؟

ترجمان پر رازداری کی پابندی ہوتی ہے اور وہ ترجمانی کرتے ہوئے سامنے آنے والی باتیں کسی کو نہیں بتا سکتا۔

ترجمان صرف آپ کی کہی ہوئی باتوں کا ترجمہ کرے گا، وہ نہ تو مشورہ دے گا اور نہ ہی اپنے خیالات کو گفتگو میں شامل کرے گا۔ ترجمان غیر جانبدار رہے گا اور کسی کا حمایتی نہیں بنے گا۔

مریض کی حیثیت سے آپ کا واسطہ عملۂ صحت سے ہوتا ہے۔ لہذا آپ تمام سوالات عملۂ صحت سے پوچھیں گے، ترجمان سے سوال نہیں پوچھے جاتے۔

ترجمان کا خرچ کون ادا کرتا ہے؟

ہیلتھ سروس میں مریض کے طور پر آپ کو ترجمان مفت ملتا ہے۔ البتہ ڈینٹسٹ کے پاس جاتے ہوئے اگر آپ کو دانتوں کے علاج کی فیس خود ادا کرنی ہو تو ترجمان مفت نہیں ملتا۔ اس صورت میں آپ کو ترجمان کی فیس بھی دینی ہو گی۔

آپ شکایت کر سکتے ہیں

اگر آپ کے خیال میں آپ کو ترجمان کی ضرورت ہو لیکن آپ کو ترجمان نہ دلایا جائے تو آپ اپنا علاج کرنے والے ادارے سے شکایت کر سکتے ہیں۔ آپ اپنے فلکے (کاؤنٹی) کے گورنر، Pasient- og brukerombudet (مریضوں اور صارفین کے اومبڈزمین) یا Likestillings- og diskrimineringsombudet (مساوی حیثیت اور امتیازی سلوک کے اومبڈزمین) سے بھی شکایت کر سکتے ہیں۔

اگر آپ ترجمان سے مطمئن نہ ہوں تو آپ اس بارے میں اپنا علاج کرنے والے ادارے سے شکایت کر سکتے ہیں۔

Tolkeloven. 2021. Lov om offentlige organers ansvar for bruk av tolk mv. av 2021-06-11 nr 79.

یہ مواد فراہم کرنے والے ہیں Helsedirektoratet

آخری تبدیلیوں کی تاریخ 28 اکتوبر, 2022